نیوزی لینڈ کی میگا ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی


Published 09:24 PM Oct 18 2023


چنئی(پی ٹی آئی اپ ڈیٹس)آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 16ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 149 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔نیوزی لینڈ کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 139 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔رحمت شاہ 36 اور عظمت اللہ عمرزائی 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ چنئی میں کھیلا گیا جس میں افغان ٹیم نے ٹاس جیتا اور بولنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے، ٹام لیتھم 68 اور فلپس 71 رنز بناکر نمایاں رہے۔نیوزی لینڈ کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کیوی بولرز کے سامنے کوئی بھی افغان بیٹر جم کر نہ کھیل سکا اور ٹیم کی ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی۔افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ 36 اور عظمت اللہ عمرزائی 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔اس کے علاوہ ابرہیم زدران 14، رحمٰن اللہ گرباز 11،حشمت اللہ شاہدی اور راشد خان 8 ،8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نبی7 اور مجیب الرحمٰن 4 رنز بناسکے، نوین الحق اور فضل حق فاروقی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 289رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 34.4 اوورز میں 139 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔