پی ٹی آئی کی معاشی ٹیم نے ملکی معیشت پر وائٹ پیپر جاری کردیا


Published 09:57 PM Nov 12 2023


پی ٹی آئی کی معاشی ٹیم نے ملکی معیشت پر وائٹ پیپر جاری کردیا اسلام آباد(پی ٹی آئی اپ ڈیٹس)پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کی معاشی ٹیم نے گزشتہ 20 ماہ کے دوران ملکی معیشت پر وائٹ پیپر جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ وائٹ پیپر میں تحریک انصاف حکومت کی 3.5 سال میں معاشی کارکردگی کا بھی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی نے 2018 میں حکومت سنبھالی تو معیشت بدترین بحران کی زد میں تھی، پی ٹی آئی کو ن لیگ حکومت کی نااہلی کی بدولت 1.6کھرب روپےکا گردشی قرضہ ملا۔ترجمان نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے حکومت کے تیسرے اور چوتھے سال میں 6 فیصد شرح نمو حاصل کی، ملکی تاریخ میں برآمدات 32 ارب ڈالر جبکہ ترسیلاتِ زر 31 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے 16 ماہ کے دوران اچھی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا، پی ٹی آئی کے دور میں 31.3 ارب ڈالر کے مقابلے ترسیلات زر کم ہو کر 27 ارب ڈالر رہ گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ برآمدات 31.7 ارب ڈالر کے مقابلے میں 27.7 ارب ڈالر تک گر گئیں، پی ڈی ایم نے 16 ماہ کے عرصے میں بیرونی قرض میں تقریباً 20 کھرب روپے کا اضافہ کیا، پی ٹی آئی حکومت نے 40 ماہ کے دوران کورونا کے باوجود 18.3 کھرب کا قرض لیا۔