اسپیشل انصاف کیا صرف شریفوں کے لیے ہے؟ صدر پاکستان تحریک انصاف پرویز الٰہی


Published 08:05 PM Oct 26 2023


اسپیشل انصاف کیا صرف شریفوں کے لیے ہے؟ صدر پاکستان تحریک انصاف پرویز الٰہی لاہور(پی ٹی آئی اپ ڈیٹس )قبل ازیں کمرۂ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے لیے ہی سارے ریلیف ہیں، پانچ ماہ سے ہم ضمانت پر ہیں پھر بھی ہمیں تنگ کیا جا رہا ہے، اسپیشل انصاف کیا صرف شریفوں کے لیے ہے؟ انصاف تو وہ ہے جسے عوام تسلیم کرے اور انصاف ہوتا نظر بھی آئے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اداروں اور عدالتوں کا احترام کیا ہے جب کہ شریفوں نے ہمیشہ ججز کے خلاف سخت باتیں کی ہیں یہ کہاں کا انصاف ہے کہ نواز شریف لاڈلے کے لیے سارے ریلیف اور باقیوں کے لیے سختی ہے، نواز شریف ججز کے خلاف بولتے ہیں کیا جج وہ باتیں بھول گئے؟ واضح رہے کہ پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن حکام نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل سے تحویل میں لے کر لاہور منتقل کیا تھا۔ پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی تقرریوں کے کیس میں نامزد ملزم ہیں، جس پر اینٹی کرپشن نے حسب ضابطہ انسداد دہشت گردی عدالت سے چوہدری پرویز الٰہی کا سفری ریمانڈ حاصل کیا۔ ترجمان کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا اور یہ اپیل ہائی کورٹ نے مسترد کردی تھی۔ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اسپیشل جج اینٹی کرپشن نے چوہدری پرویز الٰہی کی ضمانت کا فیصلہ واپس لے لیا۔ بعد ازاں اینٹی کرپشن نے تمام قانونی تقاضے پورے کرکے چوہدری پرویز الٰہی کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی تقرریوں کا کیس ہے جس کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان نے خلاف ضابطہ تقرریاں کیں۔