جنوبی افریقا کو 243 رنز سے شکست دیکر بھارت نے مسلسل 8ویں فتح حاصل کرلی


Published 12:15 AM Nov 06 2023


جنوبی افریقا کو 243 رنز سے شکست دیکر بھارت نے مسلسل 8ویں فتح حاصل کرلی کولکتہ(پی ٹی آئی اپ ڈیٹس)ورلڈ کپ کے 37 ویں میچ میں بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 243 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل آٹھویں کامیابی حاصل کرلی۔ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے، ویرات کوہلی 101 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ 327 بھارت کے 327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی بیٹر بھارتی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔ جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 28 ویں اوور میں صرف 83 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، مارکو یانسن 14 اور وین ڈر ڈوسین 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔