جنوبی افریقا پھر چوک کر گئی، پروٹیز کو شکست، آسٹریلیا ورلڈکپ فائنل میں پہنچ گیا


Published 10:19 PM Nov 16 2023


جنوبی افریقا پھر چوک کر گئی، پروٹیز کو شکست، آسٹریلیا ورلڈکپ فائنل میں پہنچ گیا کولکتہ(پی ٹی آئی اپ ڈیٹس)آئی سی سی ون ڈ ے ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں 5 بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر 8 ویں بار فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ جنوبی افریقا کی ٹیم ایک بارپھر چوکر ثابت ہوگئی اور سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد پروٹیز کا پہلی بار ورلڈکپ کھیلنے کا خواب اس بار بھی ادھورا رہ گیا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان ٹمبا باووما نےآسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 24 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد ڈیوڈ ملر نے 101 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم پوری جنوبی افریقی ٹیم آخری اوور میں 212 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن اختتامی اوورز میں کپتان پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک کی ذمہ درانہ بیٹنگ کی بدولت کینگروز نے 213 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 48 ویں اوور میں پورا کرلیا۔ مچل اسٹارک 38 گیندوں پر 19 اور کمنز 29 گیندوں پر 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔آسٹریلیا نے سب سے زیادہ 8 ویں بار کرکٹ ورلڈکپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ وہیں دوسری جانب جنوبی افریقا کو چوتھی بار ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں شکست ہوئی ہے جبکہ 1999 کا سیمی فائنل برابر ہوگیا تھا اور آسٹریلیا کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی تھی۔ واضح رہے کہ بھارت پہلے ہی نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ چکا ہے، آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ کا فائنل 19 نومبر اتوار کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔