غیر ملکی مبصرین کو الیکشن کمیشن کا دعوت نامہ جاری


Published 04:55 PM Oct 25 2023


غیرملکی مبصرین کو کونسی شرائط پوری کرنا ہوں گی؟ الیکشن کمیشن کا دعوت نامہ جاری اسلام آباد(پی ٹی آئی اپ ڈیٹس)الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران جائزے کے لیے غیر ملکی مبصرین کو دعوت نامہ جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی شفافیت کیلئے ملکی و غیر ملکی مبصرین کیلئے اوپن ڈور پالیسی ہے تاہم غیر ملکی مبصرین کو الیکشن کمیشن میں ایکریڈیشن کرانا لازمی ہو گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق غیر ملکی مبصرین ویزے کے جلد حصول کیلئے وزارت خارجہ کے”پاکستان آن لائن پورٹل پرکوائف جمع کرائیں جبکہ ایکرڈیشن فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن نے غیر ملکی مبصرین کیلئے سکیورٹی کلیئرنس لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی وابستگی رکھنے والوں کو ایکریڈیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ غیر ملکی مبصرین انتخابی بے قاعدگیوں کی رپورٹ جمع کرائیں گے، غیر ملکی مبصرین رپورٹ میں انتخابی عمل مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویز بھی دے سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے اگلے برس جنوری کے تیسرے ہفتے میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال کوئی تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔