انگلینڈ سے شکست پر پاکستان کا ورلڈکپ کا سفر پانچویں پوزیشن کیساتھ اختتام پذیر


Published 12:17 AM Nov 12 2023


انگلینڈ سے شکست پر پاکستان کا ورلڈکپ کا سفر پانچویں پوزیشن کیساتھ اختتام پذیر کولکتہ(پی ٹی آئی اپ ڈیٹس)ورلڈکپ کے 44 ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رن سے شکست دے کر پاکستان کے سیمی فائنل کھیلنے کے ارمانوں پر بھی پانی پھیر دیا۔ ورلڈکپ کے 44 ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 338 رن کا ہدف دیا تھا، پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے یہ ہدف 6.4 اوور میں پورا کرنا تھا تاہم پاکستان اس ناممکن کو ممکن نہیں کرسکا اور سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا اور پانچویں پوزیشن کے ساتھ ایونٹ کا اختتام کیا۔ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلےگئےمیچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلش ٹیم نے مقررہ 50 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رن بنائے۔انگلینڈکے 338 رن کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 43.3 اوور میں 244 رن پر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 51 ، بابراعظم نے 38 اور محمد رضوان نے 36 رن بنائے۔ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کا یہ آخری میچ تھا، پاکستان اور انگلینڈ دونوں نے نو،نو میچ کھیلے ، پاکستان نے اپنے 4 اور انگلینڈ نے اپنے 3 میچ جیتے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان پانچویں اور انگلینڈ ساتویں نمبر پر ہے۔